سزا یافتہ قیدی کی طبی بنیادوں پر رہائی کی درخواست مسترد

سزا یافتہ قیدی کی طبی بنیادوں پر رہائی کی درخواست مسترد

موجودہ طبی صورتحال میں قیدی کو ضمانت یا رہائی نہیں دی جاسکتی،عدالتموجودہ حالت جیل کے اسپیشل وارڈ میں سنبھالی جاسکتی ہے ،اسپیشل میڈیکل بورڈ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے منشیات کے مقدمے میں سزا یافتہ قیدی سید طارق حسین کی طبی بنیادوں پر رہائی کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے اسپیشل میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ موجودہ طبی صورتحال میں قیدی کو ضمانت یا رہائی نہیں دی جاسکتی۔ سماعت کے دوران اسپیشل میڈیکل بورڈ کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ قیدی سید طارق حسین موٹر نیورون ڈیزیز میں مبتلا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق یہ ایک ایسا اعصابی مرض ہے جو بتدریج بڑھتا ہے اور جسمانی معذوری کا باعث بنتا ہے ۔ میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ قیدی وہیل چیئر استعمال کرنے پر مجبور ہے اور روزمرہ امور کی انجام دہی کے لیے مدد کا محتاج ہے تاہم اس کی موجودہ حالت جیل کے اسپیشل وارڈ میں سنبھالی جاسکتی ہے اور اسے درکار ادویات اور فزیوتھراپی کی سہولیات جیل میں فراہم کی جاسکتی ہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مناسب طبی سہولیات اور علاج کی فراہمی کی صورت میں قیدی کی زندگی کو فوری خطرہ لاحق نہیں ہے ۔ عدالت نے میڈیکل بورڈ کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے جیل حکام کو ہدایت کی کہ میڈیکل بورڈ کی تمام سفارشات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور قیدی کو تجویز کردہ ادویات، فزیوتھراپی اور دیگر ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں