لاپتہ افراد کیس، تلاش کیلئے پولیس اقدامات پرعدالتی سوالات

لاپتہ افراد کیس، تلاش کیلئے پولیس اقدامات پرعدالتی سوالات

کیا پیشرفت کی، جسٹس سلیم، ابھی تک لاپتا شہری کا سراغ نہیں لگاسکے ،تفتیشی افسرہائیکورٹ کا نئے جے آئی ٹی اجلاس کاحکم، سماعت جولائی کے دوسرے ہفتے تک ملتوی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران طویل عرصے سے لاپتہ شہریوں کی تلاش کیلئے پولیس کے اقدامات پر سوالات اٹھاتے ہوئے نئے جے آئی ٹی اجلاس منعقد کرنے کا حکم دے دیا۔سماعت کے دوران جسٹس محمد سلیم جیسر نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ شہری لاپتا ہے ، پولیس نے اب تک کیا پیشرفت کی ہے ۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ لاپتا شہری شہاب علی رضوی کے سراغ کیلئے ایک جے آئی ٹی اجلاس منعقد ہوچکا۔ جسٹس محمد سلیم جیسر نے مزید استفسار کیا کہ کیا گمشدہ شہری کا سراغ ملا اور وہ کہاں گیا ہے ۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جے آئی ٹی کا ایک اجلاس ہوچکا تاہم ابھی تک لاپتا شہری کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ عدالت نے شہری ریحان احمد، معتصم وحید اور فرجاد کے سراغ کیلئے تازہ جے آئی ٹی اجلاس منعقد کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ شہاب علی، فہد، سرویچ سرگانی، کلیم اللہ اور عبداللہ کی گمشدگی کے معاملات میں بھی نئے جے آئی ٹی اجلاس منعقد کیے جائیں۔ عدالت نے متعلقہ ایس ایس پی انویسٹی گیشنز کو تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے اور جے آئی ٹی اجلاسوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں عدالت نے مختلف درخواستوں پر مزید سماعت جولائی کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں