پولیس افسر کی ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ ساز پکڑا گیا

پولیس افسر کی ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ ساز پکڑا گیا

ملزم بھتیجے اور اسکے ساتھی کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کابدلہ لینا چاہتا تھافیصل عرف منیجر پیشہ ور اور عادی جرائم پیشہ ،مختلف تھانوں میں مقدمات ہیں

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پولیس نے سب انسپکٹر کی ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ بنانے والے انتہائی مطلوب مجرم کو گرفتار کرلیا۔ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق تھانہ سائیٹ اے کی حدود میں حیدر چالی پٹھان کالونی کے علاقے میں ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے پولیس سب انسپکٹر کی ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کرنے والے انتہائی مطلوب ریکارڈ یافتہ ملزم فیصل عرف منیجر کو گرفتار کر لیا، جبکہ کارروائی کے دوران اس کا ساتھی سجاد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک غیر قانونی پستول اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا۔پولیس کے مطابق حساس ادارے کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاع میں بتایا گیا تھا کہ ملزم فیصل عرف منیجر تھانہ سائیٹ اے میں تعینات سب انسپکٹر نعیم شاہ کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کا بھتیجا کاشف اور اس کا ساتھی ذیشان 9 اگست 2025 کو سائٹ ایریا ولیکا روڈ پر پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے ، جس کا بدلہ لینے کے لیے ملزم سب انسپکٹر نعیم شاہ کو ٹارگٹ کرنا چاہتا تھا۔پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ 2 روز قبل اس نے اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ ولیکا روڈ پر 2 افراد کو لوٹا اور مزاحمت پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا تھا۔اس واقعے کا مقدمہ تھانہ سائٹ اے میں درج ہے ۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم ایک پیشہ ور اور عادی جرائم پیشہ شخص ہے ، جس کے خلاف مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر 14 مقدمات درج ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں