امریکی صدر ایران سے تنازع کو پس پشت ڈال کر مذاکرات کو دوبارہ آگے بڑھانے کے خواہاں
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران سے متعلق تنازع کو پس پشت ڈال کر مذاکرات کو دوبارہ آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں، جبکہ ثالثی کی نئی کوششیں بھی جاری ہیں۔
الجزیرہ ٹی وی نے واشنگٹن سے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ اس وقت زیادہ توجہ داخلی معاملات پر مرکوز رکھے ہوئے ہیں تاہم وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کی بحالی بھی چاہتے ہیں۔
ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ ایران نے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے تاہم ایرانی حکام اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ایسا نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی نمائندہ سٹیو وٹکوف آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں دیگر مذاکراتی ٹیموں کے ساتھ موجود ہوں گے، جہاں فریقین کے درمیان بات چیت کو دوبارہ آگے بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔
مذاکرات کا بنیادی مقصد دونوں جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ اور کشیدگی میں کمی لانا ہے، فی الحال فائرنگ کا سلسلہ رکا ہوا ہے۔
تاہم ثالثوں کو اس بات پر بھی مایوسی ہے کہ دونوں فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کے باوجود پیش رفت انتہائی سست اور پیچیدہ ثابت ہو رہی ہے۔