اقوام متحدہ کا غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کی صورتحال پر انتہائی اظہار تشویش
نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ امن عمل کے نائب رابطہ کار رمیز الاکبروف نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ امن عمل کے نائب رابطہ کار رمیز الاکبروف نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے، جنگ بندی کا مکمل احترام کیا جانا چاہئے۔
رمیز الاکبروف نے کہاکہ غزہ کے عوام کی جائز ضروریات، تحفظات اور امنگوں کو متعلقہ قرارداد پر مکمل عمل درآمد کے ذریعے پورا کیا جانا چاہئے، غزہ اور مغربی کنارے دونوں میں حالات بدستور غیر مستحکم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جون 2026ء تک جنگ بندی کے باوجود غزہ میں ایک ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں، مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور آبادکاروں کے گھروں اور املاک پر حملوں میں بھی شدت آئی ہے۔