اولمپکس 2028ء میں کرکٹ مقابلوں کیلئے کوالیفائنگ طریقہ کار کا باضابطہ اعلان

دبئی: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے لاس اینجلس اولمپکس 2028ء میں کرکٹ مقابلوں کے لیے کوالیفائنگ طریقہ کار کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

آئی سی سی نے پہلی مرتبہ کرکٹ کی تاریخ میں اولمپکس کوالیفائر ٹورنامنٹ کے انعقاد کی تصدیق کی ہے جو 2027ء میں کھیلا جائے گا۔

اعلان کے مطابق لاس اینجلس اولمپکس میں مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایونٹس میں صرف 6، 6 ٹیمیں حصہ لیں گی، اولمپکس کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایشیا، افریقہ، یورپ اور اوشیانا کی نمائندگی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

کوالیفائنگ نظام کے تحت پانچ ٹیموں کا انتخاب آئی سی سی ایونٹس اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی بنیاد پر ہوگا جبکہ چھٹی اور آخری ٹیم کا فیصلہ 2027ء میں ہونے والے آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر ٹورنامنٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء کی بنیاد پر آسٹریلیا، برطانیہ، بھارت اور جنوبی افریقہ نے اولمپکس 2028ء کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

امریکہ بطور میزبان براہ راست اولمپکس میں جگہ حاصل کر سکتا ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہوگا کہ 31 دسمبر 2026ء تک امریکی ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ٹاپ 15 میں شامل ہو۔

اگر امریکی ٹیم مقررہ معیار پر پورا نہ اتری تو اس کی جگہ رینکنگ میں اگلی بہترین ٹیم کو موقع دیا جائے گا۔

آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ اولمپک کمیٹی میں رجسٹرڈ نہ ہونے کے باعث ویسٹ انڈیز بطور مشترکہ ٹیم اولمپکس میں شرکت کے اہل نہیں ہوں گے۔

اگر ویسٹ انڈیز کی رینکنگ کوالیفکیشن کی حق دار بنتی ہے تو کیریبین ممالک کے درمیان علیحدہ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ منعقد ہوگا، جس کا فاتح ملک آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر میں شرکت کرے گا۔

اولمپکس کوالیفائر ٹورنامنٹ میں مینز اور ویمنز کی 8، 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، جہاں سے ایک، ایک ٹیم لاس اینجلس اولمپکس 2028ء کے لیے آخری کوالیفائنگ ٹکٹ حاصل کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں