ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے جدید پولیسنگ ناگزیر ہو گئی ، پولیس چیف
اسمارٹ سیف سٹی منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور ریئل ٹائم نگرانی کے مؤثر نظام کا قیام انتہائی ضروری ماضی میں کراچی کے بارے میں منفی تاثر پیدا کیا گیا، موجودہ زمینی حقائق اس سے مختلف ہیں،آزادخان کا پی ایچ ایم اے کادورہ
کراچی(کامرس رپورٹر)ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس (کراچی رینج) آزاد خان نے کہا ہے کہ ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جدید پولیسنگ اب وقت کی ناگزیر ضرورت بن چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی اسمارٹ سیف سٹی منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور ریئل ٹائم نگرانی کے موثر نظام کا قیام انتہائی ضروری ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے ، کاروباری و صنعتی برادری کو سہولت فراہم ہو، جرائم کی روک تھام مؤثر انداز میں ممکن ہو اور پولیس کے رسپانس ٹائم میں نمایاں بہتری آئی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی پولیس کاروباری و صنعتی برادری کی معاونت اور سہولت کے لیے چوبیس گھنٹے دستیاب ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایچ ایم اے ) کے مرکزی دفتر کے دورے کے موقع پر چیئرمین، عہدیداران اور ملک کے ممتاز برآمدکنندگان سے ملاقات کے دوران کیا۔
اجلاس میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے آزاد خان نے کراچی میں جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس کی جاری کارروائیوں پر روشنی ڈالی، جن میں اسٹریٹ کرائم کے خلاف اقدامات، گاڑیوں کی چوری کی روک تھام، نگرانی کے نظام میں اضافہ، پولیس کی تعیناتی کی بہتر حکمت عملی اور مختلف پولیس یونٹس کے درمیان مؤثر رابطہ شامل ہیں انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کراچی کو سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی سرگرمیوں کے لیے ایک محفوظ شہر کے طور پر دنیا کے سامنے مثبت انداز میں پیش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں کراچی کے بارے میں منفی تاثر پیدا کیا گیا، جبکہ موجودہ زمینی حقائق اس سے مختلف ہیں اورشہر میں امن و امان کی صورتحال پہلے کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر امن و امان سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرتا ہے جبکہ مثبت تشخص برآمدات کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے ۔ صنعت اور حکومت باہمی اشتراک سے کراچی کو دنیا کا ایک بہترین کاروبار دوست شہر بنا سکتے ہیں اس موقع پر پی ایچ ایم اے کے سرپرست اعلیٰ محمد جاوید بلوانی، مرکزی چیئرمین محمد بابر خان اور زونل چیئرمین فیصل ارشد شیخ نے ایڈیشنل آئی جی پی آزاد خان اور ان کی ٹیم کا پی ایچ ایم اے کے مرکزی دفتر میں خیر مقدم کیامرکزی چیئرمین پی ایچ ایم اے محمد بابر خان نے آزاد خان کی پی ایچ ایم اے آمد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات کا مقصد امن و امان، صنعتی سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور لاجسٹک مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال تھا، جو کراچی کی برآمدی صنعت خصوصاً نٹ ویئر سیکٹر کو متاثر کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments