کراچی یونیورسٹی کی تیز رفتاربس کی موٹر سائیکل کو ٹکر، لڑکی جاں بحق
ماں باپ زخمی ،17سالہ سویرا تین بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھی،بس ڈرائیور گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ نہ رک سکا،گزشتہ روز مختلف ٹریفک حادثات میں 3افراد جان کی بازی ہار گئے ۔تفصیلات کے مطابق شہر کی مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل پر کراچی یونیورسٹی کی تیز رفتار بس کی موٹرسائیکل کو ٹکر سے 17 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ شارع فیصل پر پیش آیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ عوامی مرکز کے قریب پیش آیا۔ شہریوں نے ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس حکام کے مطابق لڑکی والد اور والدہ کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار تھی۔ پیچھے سے آنے والی بس نے ٹکر ماری جس کے نتیجے میں ماں باپ معمولی زخمی ہوئے ۔پولیس کے مطابق لڑکی چنیسر گوٹھ کی رہائشی اور تین بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھی۔ریسکیو حکام کے مطابق متوفیہ کی شناخت 17 سالہ سویرا دختر جون کے نام سے ہوئی ہے ۔دوسری جانب سپرہائی وے براق پمپ کے قریب ٹریفک حادثے میں 40 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ۔علاوہ ازیں لانڈھی مرتضیٰ چورنگی فاروق مل کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور2 بچے زخمی ہوگئے ،متوفی کی شناخت 50 سالہ مبین ولد نبیل احمد اورزخمی بچوں کی شناخت 8 سالہ عبداللہ ولد عبدالوہاب اور10 سالہ ہادی ولد عبدالوہاب کے ناموں سے کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments