گلشن اقبال اور ترکیہ کے دو ٹاؤنز میں سسٹر ٹاؤن معاہدہ
تجربات کو گلشن اقبال تک منتقل کرنے میں تعاون کیا جائیگا،ڈاکٹر کمال آیدن ٹاؤن کو خوبصورت اور بہتر بنانے میں مدد ملے گی،چیئرمین ڈاکٹر فواداحمد
کراچی(این این آئی)پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی کو بلدیاتی سطح تک وسعت دیتے ہوئے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال اور ترکیہ کے صوبہ کاسٹامونو کے دو ٹاؤنز انیبولو اور اریچ بیلیڈیس کے درمیان سسٹر ٹاؤن معاہدہ طے پا گیا ۔ معاہدے پر چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال ڈاکٹر فواد احمد اور صدرِ ترکیہ رجب طیب اردوان کے مشیر و ابنِ سینا انسٹیٹیوٹ ترکیہ کے صدر ڈاکٹر کمال آیدن نے دستخط کیے ۔ معاہدے کے تحت گلشن اقبال ٹاؤن اور ترکیہ کے دونوں شہروں کے درمیان بلدیاتی ترقی، شہری منصوبہ بندی، اسمارٹ سٹیز، جدید میونسپل سروسز، ٹیکنالوجی اور باہمی تجربات کے تبادلے کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گاجبکہ دونوں جانب کے بلدیاتی اداروں کو ایک دوسرے کے ترقیاتی ماڈلز اور کامیاب تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔اس موقع پر صدرِ ترکیہ کے مشیر ڈاکٹر کمال آیدن نے کہا کہ سسٹر ٹاؤن معاہدہ گلشن اقبال کے لئے ایک روشن مستقبل کی بنیاد بن سکتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ کے شہروں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور بلدیاتی تجربات کو گلشن اقبال ٹاؤن تک منتقل کرنے میں تعاون کیا جائے گا تاکہ ٹاؤن کو مزید ترقی یافتہ بنایا جا سکے ۔ اس موقع پرچیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ ترکیہ بلدیاتی نظام اور شہری ترقی کے شعبے میں بہت آگے ہے اور ترکیہ کے ان ترقی یافتہ شہروں کے ساتھ معاہدہ گلشن اقبال ٹاؤن کے لیے ایک اہم موقع ہے ۔ٹاؤن کو خوبصورت اور بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ترکیہ کی میونسپلٹیز شہریوں کو زندگی کے مختلف مراحل میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جس سے پاکستان کے بلدیاتی ادارے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments