ماہ اگست: موٹرسائیکل چوری سب سے آگے، ایک ہزار 884 شہری موبائل فون سے محروم
ایک ماہ کے دوران اسٹریٹ کرمنلز 2ہزار 678موٹرسائیکلیں لے اڑے ، بھتہ خوری کے 8واقعات بھی رپورٹ ،44افراد قتل،مجموعی طور پر 5ہزار 256مقدمات درج
کراچی (این این آئی) شہر قائد میں جرائم کی صورتحال سے متعلق اگست 2026ئکے اعداد و شمار نے شہریوں کی تشویش میں مزید اضافہ کردیا، ایک ماہ کے دوران موٹرسائیکل چوری کی وارداتیں سب سے زیادہ رپورٹ ہوئیں جبکہ موبائل فون چھیننے کے واقعات بھی بڑی تعداد میں سامنے آئے ۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق یکم اگست سے 31 اگست کے دوران کراچی میں 2 ہزار 678 موٹرسائیکلیں چوری ہوئیں، جبکہ 502 موٹرسائیکلیں شہریوں سے چھینی گئیں۔ یوں موٹرسائیکل سے متعلق جرائم کی مجموعی تعداد 3 ہزار 180 رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق شہر میں موبائل فون چھیننے کے ایک ہزار 884 واقعات رپورٹ ہوئے ۔ اس حساب سے اگست کے دوران روزانہ اوسطاً 60 سے زائد شہری موبائل فون سے محروم ہوئے ، جس سے شہر میں اسٹریٹ کرائم کے مسئلے کی سنگینی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔رپورٹ کے مطابق اگست کے دوران کراچی میں 124 گاڑیاں چوری جبکہ 16 گاڑیاں چھینی گئیں۔ اس کے علاوہ شہر میں بھتہ خوری کے 8 واقعات بھی رپورٹ ہوئے ۔اعداد و شمار میں44 افراد کے قتل کے واقعات بھی شامل ہیں، تاہم رپورٹ کے مطابق اگست کے دوران اغوا برائے تاوان اور بینک ڈکیتی یا ڈکیتی کے بڑے واقعات کا کوئی کیس ریکارڈ نہیں ہوا۔رپورٹ کے مطابق اگست میں کراچی میں مختلف نوعیت کے درج شدہ جرائم کی مجموعی تعداد5 ہزار 256 رہی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے پولیس گشت، نگرانی اور کارروائیوں کو مزید موثر بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments