فلیٹ سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں برآمد
کئی روز پرانی لاشیں ڈاکٹر ، اسکی اہلیہ اور 3 بیٹیوں کی ہیں، ڈاکٹر عمر کوگزشتہ ماہ کڈنی میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی ڈاکٹر عمر کا آبائی تعلق بہاول نگر سے تھا،پوسٹ مارٹم کے بعد وجہ موت سامنے آسکے گی،ایس ایس پی ایسٹ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سائٹ سپر ہائی وے احسن آباد کے علاقے میں واقع لاکھانی ٹوئن ٹاور میں فلیٹ کے اندر سے ڈاکٹر، اسکی بیوی اور تین بچوں کی کئی روز پرانی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔پولیس کے مطابق لاشیں ڈاکٹر عمر، اسکی اہلیہ اور 3 بیٹیوں کی ہیں، لاشیں ایک ہی کمرے سے ملی ہیں۔ ڈاکٹر عمر ایسٹ سٹی اسپتال میں ملازمت کرتے تھے اور ایک ہفتے کی چھٹی پر تھے ۔واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کرائم سین یونٹ کو طلب کیا گیا۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ گزشتہ ماہ کی 13 تاریخ کو ڈاکٹر عمر کو کڈنی میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ بہت پریشان تھے اور اسی وجہ سے اسپتال سے استعفیٰ دیا تھا۔پولیس کے مطابق گھر اندر سے لاک تھا، گھر کی مکمل تلاشی لی گئی لیکن گھر سے موبائل فون نہیں ملا، پولیس فلیٹ کے تمام دروازے توڑ کر داخل ہوئی اور چابی ڈاکٹر عمر کے سرہانے سے ملی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ڈاکٹر عمر کی اہلیہ نے گزشتہ ہفتہ اپنے گھر کا اوون 10 ہزار روپے میں فروخت کرنے کی کوشش کی لیکن پڑوسی نے اوون نہیں خریدا اور 2ہزار روپے کی مدد کر دی، ڈاکٹر عمر کا آبائی تعلق بہاول نگر سے تھا۔ایس ایس پی ایسٹ زبیر نظیر شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مددگار 15 پر پڑوسیوں نے اطلاع دی، پولیس نے آکر فلیٹ کا دروازہ توڑا اور اندر داخل ہوئے جہاں میاں بیوی اور تین بچوں کی لاشیں ایک ہی کمرے میں موجود تھیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر عمر کا ایک بھائی پنجاب میں رہائش پذیر ہے جو لاتعلقی کا اظہار کر رہا ہے ، تینوں بچوں کی عمر 10 سال سے کم ہے ۔ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ کرائم سین یونٹ موقع سے شواہد اکٹھے کر رہا ہے ، کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا اور پوسٹ مارٹم کے بعد وجہ موت سامنے آسکے گی۔ریسکیو حکام کی جانب سے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کی جارہی ہیں تاکہ وجہ موت کا تعین ہو سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments