ہنگو میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 دہشتگرد جنہم واصل، 6 جوان شہید
راولپنڈی: (دنیا نیوز) صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 8 خوارجی دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ 6 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں مؤثر کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 8 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران اپنے دستوں کی قیادت فرنٹ سے کرنے والے دو بہادر افسران اور 4 جوانوں نے بھی جامِ شہادت نوش کیا، شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوزر فاروق، ساکن ضلع گوجرانوالہ، اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر، ساکن ضلع چکوال، شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں افسران نے اپنے چار جوانوں کے ہمراہ بہادری سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت حاصل کرنے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہید ہونے والے بہادر جوانوں اور افسران کی قربانیاں ہر قیمت پر وطن کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments