پائلٹ نے آسمان میں’مونا لیزا‘ بنا دی، 3 گھنٹے کی پرواز نے دنیا کو حیران کر دیا

بینٹن ویل: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست آرکنساس میں ایک ماہر پائلٹ نے طیارے کی پرواز کو فن کا شاہکار بنا دیا، سیسنا آر 182 طیارے سے تقریباً 3 گھنٹے تک مسلسل پرواز کرتے ہوئے لیونارڈو ڈا ونچی کی شہرۂ آفاق پینٹنگ ’مونا لیزا‘ کا ڈیجیٹل سکیچ تیار کر دیا۔

پائلٹ نے آرکنساس کے شہر بینٹن ویل سے پرواز شروع کی اور اوکلاہوما اور آرکنساس کی سرحد کے قریب مخصوص راستے پر طیارہ اڑاتے ہوئے جی پی ایس ٹریکنگ کو آرٹ میں تبدیل کیا۔

پرواز کے دوران طیارے کے راستے کو انتہائی باریک بینی سے موڑا گیا، جس کے نتیجے میں فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس پر بننے والا نقشہ مونا لیزا کے چہرے، بالوں اور مجموعی خدوخال سے مشابہ نظر آنے لگا۔

رپورٹس کے مطابق اس فضائی فن پارے کا مجموعی راستہ تقریباً 35 میل پر محیط تھا، جبکہ مکمل تصویر بنانے میں پائلٹ کو تقریباً 3 گھنٹے لگے۔

پائلٹ نے پہلے سے تیار کردہ جی پی ایس روٹ کے مطابق طیارے کو مختلف سمتوں میں موڑا، کیونکہ راستے میں معمولی سی غلطی بھی پورٹریٹ کے حتمی نقشے کو متاثر کر سکتی تھی۔

پرواز کے دوران لوگوں نے فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس پر اس منفرد روٹ کو براہِ راست دیکھا، جہاں مبینہ طور پر 73 ہزار سے زائد افراد نے پرواز کو ٹریک کیا۔

سوشل میڈیا پر بھی طیارے کے ذریعے مونا لیزا کا ڈیجیٹل سکیچ بنانے کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہوئیں، جسے صارفین نے جدید ٹیکنالوجی اور فضائی مہارت کو فن کے ساتھ جوڑنے کی دلچسپ مثال قرار دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...