وزیراعظم خصوصی ریلیف سکیم کا پورے پاکستان میں کامیاب اجرا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم خصوصی ریلیف سکیم کے تحت پاکستان بھر میں 100 روپے فی لٹر رعایتی نرخوں پر پٹرول کی فراہمی کامیابی سے جاری ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر سے سکیم سے متعلق موصول ہونے والی آراء کی روشنی میں ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر پانچ لٹر سے کم پٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشوں کو بھی ایک ٹوکن پر ایک ہفتے میں 500 روپے کی رعایت ملے گی۔
ہفتہ وار ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا اور ایک مہینے میں مجموعی طور پر 4 ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔
سکیم میں 800 سی سی تک گاڑی استعمال کرنے والے پہلے کی طرح ہر 10 روز میں 10 لٹر پٹرول پر 100 روپے فی لٹر کی رعایت حاصل کریں گے، یوں ایک مہینے میں 10 لٹر کے 3 ٹوکن جاری کرنے کا سلسلہ بھی چلتا رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل سکیم سے ریلیف حاصل کرنے کے اہل افراد کے لیے رجسٹریشن میسج کو بالکل مفت کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم نے فیول ریلیف سکیم میں 20 سال پرانی موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو شامل کرنے کی ہدایت کی تھی، جس پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
یکم جنوری 2006ء کے بعد رجسٹرڈ تمام موٹر سائیکلیں، رکشے اور چنگ چی وزیراعظم فیول ریلیف سکیم میں رجسٹریشن کے لیے اہل ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف ریلیف سکیم کی ہر پہلو سے نگرانی خود کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے سکیم سے مستفید ہونے والوں کا دائرہ کار وسیع اور پٹرول پر رعایت کی باعزت و باآسانی اور بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments