پٹرولیم لیوی ختم نہ ہوئی تو 20 ستمبر سے سپر لانگ مارچ ہوگا: حافظ نعیم الرحمان
مردان: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مردان کے جلسہ عام میں عوام کا سمندر ہے، عوام کی اتنی طاقت دیکھ کر ہمیں حوصلہ ہوا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا 20 ستمبر کو سپر لانگ مارچ کے لیے جانے کو تیار ہیں، جماعت اسلامی کی جدوجہد سیاست نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور عبادت ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور پٹرولیم لیوی کا بھتہ ختم کیا جائے، اگر حکومت پٹرولیم لیوی ختم کردے تو لانگ مارچ کی ضرورت نہیں رہے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا 20 ستمبر سے ملک گیر لانگ مارچ کا آغاز کیا جائے گا، کراچی، بلوچستان، پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے، کراچی سے ٹرین مارچ روانہ ہوگا جو ملتان سے ہوتا ہوا لاہور پہنچے گا۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا ڈراموں اور نمائشی سکیموں کے بجائے عوام کو روزگار، تعلیم اور صحت کی حقیقی سہولیات دی جائیں، اب ریلیف پیکیج کی خیرات نہیں بلکہ عوام کو ان کا بنیادی حق چاہیے۔
انہوں نے کہا عالمی مارکیٹ کا بہانہ بنا کر عوام پر پٹرول بم گرائے جا رہے ہیں، شہباز شریف بتائیں کیا عالمی قیمتیں صرف پاکستان کے لیے بڑھتی ہیں؟ جنگ کے باوجود بھارت میں پٹرول کی قیمت میں 35 روپے سے زائد اضافہ نہیں ہوا، یہاں میزائل چلنے سے پہلے ہی عوام پر مہنگائی کے میزائل داغ دیے جاتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہمارا سپر لانگ مارچ کسی ایک جگہ سے نہیں بلکہ ملک کے مختلف حصوں سے بیک وقت شروع ہوگا، عوام کا سمندر اسلام آباد پہنچے گا تو ان کے کنٹینرز منہ دیکھتے رہ جائیں گے۔
انہوں نے روایتی سیاسی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا دیگر جماعتوں میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں بلکہ خاندانی راج مسلط ہے، ان کے خرچے یہی شوگر، آئی پی پیز اور بینک مافیاز اٹھاتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا 11 ہزار سکول بیچ کر اب کسی کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا، ہمارا سپر لانگ مارچ ہر صورت ہوگا، قوم پوری قوت کے ساتھ اسلام آباد کی طرف بڑھے گی اور حکمرانوں سے اپنا حق چھین کر رہے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments