کراچی میں منشیات فروشوں کا نیٹ ورک پکڑا گیا، خاتون سمیت تین افراد گرفتار

کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد میں پولیس نے منشیات کی ترسیل کے ایک بڑے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت دو مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار نے ایس ایس پی کورنگی فدا حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 19 کلو منشیات برآمد کی گئی، جس کی مالیت پولیس کے مطابق 25 کروڑ روپے ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت حرا اور ذیشان کے نام سے ہوئی ہے جو آپس میں بھابھی اور دیور ہیں۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ حرا کا شوہر پرویز، اس کا بیٹا اور دیگر رشتہ دار بھی مبینہ طور پر منشیات کی فروخت اور ترسیل میں ملوث ہیں۔

حکام نے بتایا کہ اس نیٹ ورک کو مہوش نامی خاتون چلاتی ہے، جو لاہور میں موجود ہے اور افغانستان سے منشیات منگوا کر کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں سپلائی کرتی ہے۔

اِسی طرح حکام نے دوران پریس کانفرنس یہ  دعویٰ بھی کیا ہے کہ گرفتار ملزمان کراچی میں نیٹ ورک کے لیے منشیات کی فروخت اور ترسیل کا کام کرتے تھے۔

پولیس کا مزید کہنا تھا مبینہ طور پر منشیات کو ’’کوبرا 728‘‘ کے نام سے برانڈ کیا گیا تھا، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش شروع کردی ہے اور نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...