اینٹی کرپشن ملتان کی کارروائیاں، اوقاف، انہار اور صحت کے 3 اہلکار گرفتار
ملتان: (دنیا نیوز) اینٹی کرپشن ملتان نے مختلف کارروائیوں کے دوران محکمہ اوقاف کے کلرک، محکمہ انہار کے بیلدار اور محکمہ صحت کے کلرک کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیا۔
اینٹی کرپشن ترجمان کے مطابق محکمہ اوقاف کے کلرک جاوید نے شہری رمضان کو نوکری کا جھانسہ دے کر رقم وصول کی، ملزم کو مزید 40 ہزار روپے لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے نشان زدہ نوٹ برآمد کرلئے گئے۔
ترجمان کے مطابق ملزم جاوید پہلے 60 ہزار روپے وصول کرچکا تھا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری کارروائی میں اینٹی کرپشن ملتان نے محکمہ انہار کے بیلدار اکمل کو شہری سے 15 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ ترجمان کے مطابق بیلدار اکمل نے شہری صدیق سے نہری پانی بڑھانے کی مد میں رشوت لی، ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
اینٹی کرپشن ملتان ریجن نے تیسری کارروائی میں محکمہ صحت کے کلرک کو بھی رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ ترجمان کے مطابق شجاع آباد ٹی ایچ کیو میں تعینات کلرک عتیق الرحمٰن نے شہری سے میڈیکل بنانے کی مد میں 10 ہزار روپے رشوت لی۔
ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے نشان زدہ نوٹ برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments