مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش، جمعۃ المبارک ’’یومِ مذمت‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیمِ حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ جمعۃ المبارک کو مکہ المکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور مملکت سعودی عرب میں مقدس مقامات پر حوثی باغیوں، ان کے حلیفوں اور سرپرستوں کے حملوں کے خلاف ملک بھر میں ’’یومِ مذمت‘‘ کے طور پر منایا جائے گا۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تمام مکاتبِ فکر کے علماء، مذہبی رہنماؤں، خطباء اور ائمہ سے اپیل کی کہ وہ خطباتِ جمعہ میں ان حملوں کی مذمت کریں اور حرمین شریفین کی حرمت، سلامتی اور تحفظ کے حوالے سے امتِ مسلمہ کے متفقہ مؤقف کو اجاگر کریں۔
انہوں نے کہا کہ مکہ المکرمہ اور مدینہ المنورہ مسلمانوں کے ایمان و عقیدے کا مرکز ہیں، جبکہ ارضِ حرمین شریفین پوری امتِ مسلمہ کے لیے ریڈ لائن ہے۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دو ارب مسلمان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، حرمین شریفین کی حرمت، سلامتی اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments