فیکٹریوں میں فائر سیفٹی سسٹم فوری نصب کیا جائے: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے صوبے بھر کی فیکٹریوں کے مالکان کے لیے ہنگامی ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے فیکٹریوں میں فائر سیفٹی سسٹم کی فوری تنصیب کی ہدایت کردی۔

ایس بی سی اے کی جانب سے تمام فیکٹریوں میں ہدایتی بینرز بھی آویزاں کردیئے گئے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے فیکٹری مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر متعلقہ ادارے سے آکیوپینسی سرٹیفکیٹ حاصل کریں، فیکٹریوں میں منظور شدہ فائر فائٹنگ آلات اور جدید فائر سیفٹی سسٹم فوری نصب کیے جائیں۔

ہدایت نامے کے مطابق فیکٹریوں میں ہنگامی راستے ہر وقت صاف اور رکاوٹوں سے پاک رکھے جائیں، ایمرجنسی ایگزٹس کو ہر وقت کھلا اور قابل استعمال رکھا جائے۔

ایس بی سی اے کے مطابق فیکٹریوں میں مناسب تعداد میں آگ بجھانے والے آلات فراہم کیے جائیں اور فائر ایکسٹنگوشرز کو ہر وقت فعال اور قابل استعمال حالت میں رکھا جائے۔

فیکٹریوں میں قابل اعتماد فائر الارم سسٹم کی تنصیب اور باقاعدہ دیکھ بھال یقینی بنانے، فائر الارم سسٹم کی کارکردگی کا مسلسل معائنہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے فیکٹریوں میں محفوظ برقی وائرنگ یقینی بنانے اور صنعتی اداروں کو اوور لوڈنگ سے ہر صورت محفوظ رکھنے کی ہدایت کی ہے جبکہ فیکٹریوں میں برقی نظام کا باقاعدگی سے معائنہ کرانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

علی مہدی نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اور حفاظتی قوانین کی پاسداری فیکٹری مالکان کی اولین ذمہ داری ہے، محفوظ صنعتی ادارے ہی محفوظ اور مستحکم سندھ کی ضمانت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’’ایک محفوظ سندھ، ایک مضبوط سندھ‘‘ کے ہدف کے لیے صنعتی اداروں کا محفوظ ہونا ناگزیر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...