اسلام آباد ہائیکورٹ نے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کی تعیناتیوں کا عمل روک دیا

اسلام آباد:(دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کی تعیناتیوں کا عمل روک دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کی تعیناتیوں کو حتمی شکل دینے سے روک دیا ہے اور وزیراعظم کو بذریعہ سیکرٹری اسٹبلشمنٹ ڈویژن، وزارتِ اوورسیز پاکستانیز سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔

جسٹس ایاز شوکت نے رضا حسن کی درخواست پر سماعت کے بعد دو صفحات پر مشتمل حکمنامہ جاری کیا، درخواست گزار کی جانب سے شاہد محمود کھوکھر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار نے بیرون ملک مشنز میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کی تعیناتی کے طریقہ کار اور انتخابی عمل سے انہیں نکالے جانے کو چیلنج کیا، درخواست گزار کے وکیل کے مطابق رضا حسن نے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کی آسامی کے لیے آئی بی اے کراچی کا تحریری امتحان پاس کیا اور مطلوبہ اہلیتی سکور بھی حاصل کیا، تاہم اس کے باوجود انہیں انٹرویو کے مرحلے سے خارج کردیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ رضا حسن کو انٹرویو کے عمل سے خارج کرنا غیر قانونی اور من مانا اقدام ہے، جبکہ بیرون ملک مشنز کے لیے تقرریوں سے متعلق ترمیم شدہ پالیسی گائیڈ لائنز کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔

وکیل نے کہا کہ متعلقہ اتھارٹی نے درخواست گزار کو نہ نوٹس دیا اور نہ ہی فیصلہ کرنے سے قبل مؤقف پیش کرنے کا موقع فراہم کیا، جبکہ اس فیصلے کی کوئی وجوہات بھی نہیں بتائی گئیں۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ درخواست گزار کو سماعت کا موقع دیے بغیر انتخابی عمل سے خارج کرنا اصولِ فطری انصاف کے منافی ہے۔

حکمنامے کے مطابق کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کے لیے انٹرویو کمیٹی کا اجلاس پہلے ہی 17 سے 20 اگست 2026 تک منعقد ہوچکا ہے۔

عدالت نے فریقین سے کامیاب امیدواروں، تحریری امتحان پاس کرنے والے امیدواروں اور انٹرویو کے لیے بلائے گئے امیدواروں سمیت انتخابی عمل سے متعلق تمام ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کو کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کے انتخابی عمل کا مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت سے قبل پیرا وائز کمنٹس بھی جمع کرانے کا حکم دیا۔

عدالت نے 17 سے 20 اگست تک ہونے والے انٹرویو کمیٹی کے اجلاس کی سفارشات کو آئندہ سماعت تک حتمی شکل دینے سے روک دیا ہے، حکم کے مطابق کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کی تقرریوں سے متعلق سفارشات کو نوٹیفائی یا ان پر عملدرآمد بھی نہ کیا جائے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی آئندہ سماعت 24 ستمبر 2026 کو مقرر کردی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...