پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا: حافظ نعیم الرحمان

کراچی:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا۔

شہر قائد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا  کہ  پٹرولیم لیوی کا فیصلہ حکومت کو ہرصورت واپس لینا ہو گا۔

اُنہوں نے کہا کہ ایک مخصوص ٹولہ ملک کو لوٹ رہا ہے، اگر نوجوان باہر نکل آئے تو یہ لوگ نہیں ٹھہر سکیں گے اور چپلیں چھوڑ کر بھاگیں گے۔

امیر جماعت اسلامی  نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر لیوی اور بھتہ ختم نہ کیا گیا تو تحریک حکومت کے گھیراؤ تک پہنچ جائے گی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وہ کل کراچی میں ہی موجود ہوں گے جہاں تاریخی جلسہ ہوگا، جب کہ پرسوں لاہور میں بڑا جلسہ کیا جائے گا، اس کے بعد مردان اور پشاور میں جلسے ہوں گے جن کے بعد دوبارہ اسلام آباد کا رخ کیا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایک نام نہاد میٹنگ میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، تاہم کسی صورت لاک ڈاؤن نہیں چلنے دیا جائے گا، حکومت اپنی عیاشیاں کم کرے اور عوام پر سارا بوجھ ڈالنے کا سلسلہ بند کرے، وہ تاجروں کی تنظیموں سے بھی ملاقات کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ سود کی لعنت کو ختم کیا جائے، سود کا نظام معیشت کو تباہ کرنے کا باعث ہے جب کہ سود کے خاتمے سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور صنعتیں چلیں گی۔

حافظ نعیم الرحمان نے خبردار کیا کہ اگر سودی نظام کے خلاف تحریک شروع کی گئی تو حکومت کے لیے حالات مشکل ہو جائیں گے۔

انہوں نے  مزید کہا کہ دوسری جماعتوں میں آٹا، چینی اور آئی پی پیز مافیا موجود ہے، جبکہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو عوامی مسائل پر بات کرتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...