سان فرانسسکو میں غصہ نکالنے کی انوکھی تقریب، شہریوں نے بھرپور چیخیں ماریں
سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) امریکی شہر سان فرانسسکو میں اپنی جھنجھلاہٹ اور غصہ نکالنے کے لیے 100 سے زائد افراد نے انوکھی تقریب میں شرکت کی اور پیسیفک اوشن کی جانب منہ کرکے بیک وقت زور زور سے چیخیں ماریں۔
مقامی رہائشی ڈینیئل ایگن کی جانب سے اوشن بیچ کے قریب ’گٹرل اسکریم ایٹ دی سی‘ کے نام سے منفرد ایونٹ منعقد کیا گیا۔
ڈینیئل ایگن کا کہنا تھا کہ انہیں خود ایک زوردار چیخ کی ضرورت محسوس ہو رہی تھی، اس لیے انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ دوسرے لوگوں کو بھی اس میں شامل کرلیا جائے۔
تقریب کے اشتہار میں چیخنے کی وجوہات میں بڑھتے ہوئے کرائے، مصنوعی ذہانت سے پیدا ہونے والی جھنجھلاہٹ، غصہ اور محض چیخنے سے بہتر محسوس ہونا شامل تھا۔
اجتماعی چیخ سے قبل باقاعدہ چیخنے کا مقابلہ بھی ہوا، جس میں شرکا کو آواز کی بلندی، دورانیے اور انداز کی بنیاد پر جانچا گیا۔
مقابلہ جیتنے والی اولیویا گوگلیموٹو کی چیخ 121.9 ڈیسی بیل ریکارڈ کی گئی، جو 129 ڈیسی بیل کے عالمی ریکارڈ سے کچھ ہی کم تھی، انہیں انعام میں ایک چھوٹا میگا فون دیا گیا۔
فاتح خاتون نے کہا کہ ان کی چیخ کسی ایک چیز کے لیے نہیں بلکہ ’’پوری دنیا‘‘ کے لیے تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments