اگست میں فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی سے 10 ارب روپے کی بچت ہوئی: اویس لغاری

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاور ڈویژن کے بروقت اقدامات اور مؤثر فیصلوں کے باعث اگست 2026 میں فیول ایڈجسٹمنٹ میں نمایاں کمی ہوئی، جس سے صارفین پر اضافی بوجھ کم کرنے کے ساتھ تقریباً 10 ارب روپے کی بچت بھی کی گئی۔

وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے بیان میں اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ رواں سال جولائی میں فیول ایڈجسٹمنٹ 2.0581 روپے فی یونٹ تھی، جو اگست میں کم ہو کر 1.73 روپے فی یونٹ رہ گئی، فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی کا بنیادی سبب بجلی کی پیداوار میں مقامی وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اگست 2026 میں ملک میں پیدا ہونے والی کل بجلی کا 72 فیصد مقامی وسائل سے حاصل کیا گیا جب کہ صرف 28 فیصد بجلی درآمدی کوئلے اور آر ایل این جی سے پیدا ہوئی۔

وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری دنیا میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جب کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال کے باعث عالمی ایندھن مارکیٹوں پر شدید دباؤ ہے، عالمی حالات کے باعث اسپاٹ کارگو کی قیمتیں 23 سے 25 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ چکی ہیں۔

اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر پاور ڈویژن نے پیٹرولیم ڈویژن اور این سی ایم سی کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے اضافی مقامی گیس کا انتظام کیا، جس کے باعث مہنگی آر ایل این جی کی خریداری سے گریز ممکن ہوا۔

انہوں  نے بتایا کہ اگر اضافی مقامی گیس دستیاب نہ ہوتی تو پاور سیکٹر کو مزید ایک گھنٹے کی لوڈ مینجمنٹ کا سامنا کرنا پڑتا، ان کے مطابق فرنس آئل یا درآمدی آر ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے کی صورت میں صارفین کے ٹیرف میں تقریباً 10.6 ارب روپے کا اضافہ ہو جاتا۔

وزیر توانائی نے فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی کا سہرا عوام کے تعاون کو بھی قرار دیا، عوام نے رات کے اوقات میں چند گھنٹے لوڈ مینجمنٹ برداشت کی، جس سے حکومت کو بجلی کی پیداوار کے اخراجات کم رکھنے میں مدد ملی۔

اویس لغاری نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں نے قیمتیں کم کرنے کی کوششوں میں حکومت کا ساتھ دیا، جس پر وہ دل کی گہرائیوں سے ان کا شکر گزار ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ بروقت اقدامات نہ کیے جاتے تو عوام پر 10 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑتا، حکومت اپنی عوام دوست پالیسیوں کے تحت صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...