ویمنز انڈر 19 ایشیا کپ کی تیاری، پاکستان میں سہ فریقی سیریز کا اعلان
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا اعلان کردیا گیا، جو 2 سے 16 اکتوبر تک فیصل آباد میں کھیلی جائے گی۔
سیریز کے تمام 10 ٹی ٹوئنٹی میچز اقبال سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا فارمیٹ ٹرپل راؤنڈ روبن رکھا گیا ہے، ہر ٹیم 6 میچز کھیلے گی اور ٹاپ دو ٹیمیں 16 اکتوبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
سری لنکا ویمنز انڈر 19 ٹیم 28 ستمبر جبکہ بنگلہ دیش ویمنز انڈر 19 ٹیم 29 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی، تینوں ٹیمیں ویمنز انڈر 19 ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں اس سیریز میں حصہ لیں گی۔
دوسری جانب سیریز کے لیے پاکستان ویمنز انڈر 19 کی 20 رکنی ٹیم کا اعلان بھی کردیا گیا ہے، جس کی قیادت فضہ فیاض کریں گی۔
پاکستانی اسکواڈ میں بیٹرز قمروش فرحان، پاکیزہ شبیر، ملائکہ سہانی اور آف اسپنر افشین خان کو پہلی مرتبہ منتخب کیا گیا ہے۔
پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم بدھ سے بوڑانوالا گراؤنڈ اور اقبال سٹیڈیم میں تربیتی کیمپ کا آغاز کرے گی، جبکہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کی انڈر 19 ٹیمیں 29، 30 ستمبر اور یکم اکتوبر کو اقبال سٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments