سلو اوور ریٹ پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو بڑا نقصان، 11 چیمپئن شپ پوائنٹس کٹ گئے
لاہور: (دنیا نیوز) انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھاری جرمانے کا سامنا، میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کے 11 پوائنٹس بھی کاٹ لیے گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم مقررہ وقت میں 11 اوورز کم کرانے کی مرتکب قرار پائی، جس پر ٹیم کے خلاف سلو اوور ریٹ کی کارروائی کی گئی۔ آئی سی سی میچ ریفری رنجن مدوگالے نے قومی ٹیم پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 11 پوائنٹس کی کٹوتی کی سزا بھی سنادی۔
قوانین کے تحت سلو اوور ریٹ پر ہر کم اوور کے عوض میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، تاہم زیادہ سے زیادہ جرمانہ 50 فیصد تک ہوسکتا ہے۔ پاکستان ٹیم 11 اوورز کم کرانے کی مرتکب قرار پائی، جس کے باعث قومی ٹیم پر مقررہ زیادہ سے زیادہ 50 فیصد میچ فیس جرمانہ عائد کیا گیا۔
ٹیسٹ چیمپئن شپ کے قوانین کے مطابق مقررہ وقت میں کرائے جانے والے ہر کم اوور پر ایک چیمپئن شپ پوائنٹ کی کٹوتی کی جاتی ہے۔ اسی قانون کے تحت پاکستان کے مجموعی طور پر 11 پوائنٹس کاٹ لیے گئے، جس سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کی پوزیشن اور پوائنٹس ٹیبل پر اس کے امکانات متاثر ہوسکتے ہیں۔
قومی کپتان بابر اعظم نے سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی تسلیم کرلی، جس کے بعد معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ آن فیلڈ امپائرز پال ریفل اور کرس گیفانی جبکہ تھرڈ امپائر کی جانب سے پاکستان کے سلو اوور ریٹ کے حوالے سے شکایت درج کروائی گئی تھی، جس کی بنیاد پر آئی سی سی نے کارروائی کرتے ہوئے سزا سنائی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments