سہیل آفریدی کو لاہور میں ڈرامہ کرنا تھا تو الحمرا ہال کھلوا دیتی: عظمیٰ بخاری

لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کو لاہور میں ڈرامہ کرنا تھا تو الحمرا ہال کھلوا دیتی۔

پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے سہیل آفریدی کے پولیس اہلکاروں سے مبینہ رویے، اغوا کے بیانیے اور وزیرآباد میں پیش آنے والے واقعات پر مختلف دعوے کیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی نے پولیس اہلکاروں کو گالیاں دیں اور بعد ازاں اپنی مرضی سے پولیس وین میں بیٹھے، جبکہ واقعے کی ویڈیوز تمام نیوز چینلز پر بھی سامنے آئیں۔

وزیراطلاعت پنجاب نے دعویٰ کیا کہ سہیل آفریدی کی جانب سے پہلے اغوا ہونے کا مؤقف اختیار کیا گیا، تاہم بعد میں یہ کہا گیا کہ وہ خود گاڑی میں بیٹھے تھے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انہوں نے ویڈیو شیئر کرکے اس معاملے کی حقیقت سامنے لائی،  سادہ لباس میں تعینات مقدس علی نامی کانسٹیبل کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جب کہ موقع پر موجود ایس ایچ او نے اسے پولیس اہلکار قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سادہ لباس میں سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی معمول کا حصہ ہے، سہیل آفریدی سمیت بعض ساتھیوں کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے حماد اظہر کی گرفتاری کو بھی اسی معاملے سے جوڑا۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ کارکن اشتیاق کے گھر جا کر مذہب کا حوالہ دیا گیا، تاہم اشتیاق کے اہل خانہ نے پنجاب پولیس کے تعاون کی بات کی، انہوں نے ’’سٹریٹ موومنٹ‘‘ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ویڈیوز بنوا کر خود کو مظلوم ظاہر کیا جاتا ہے۔

سہیل آفریدی کے طرزِ عمل پر تبصرہ کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اگر مقصد ڈرامہ کرنا تھا تو انہیں بتا دیا جاتا تاکہ الحمرا ہال کھلوا دیا جاتا، انہوں نے سہیل آفریدی پر کبھی مذہب کارڈ استعمال کرنے اور کبھی سلطان راہی کی طرح بڑھکیں مارنے کا الزام بھی عائد کیا۔

لندن کے دورے سے متعلق اُنہوں نے مزید کہا کہ چیف منسٹر نے تمام اخراجات خود برداشت کیے، جیسے ہی متعلقہ ریکارڈ ان کے پاس آئے گا، وہ اسے شیئر کریں گی اور رسید بھی فراہم کریں گی، تاہم ان کے مطابق الزامات کا سلسلہ اس کے باوجود جاری رہ سکتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...