غزہ میں بے گھر خاندانوں کو پناہ دینے والی عمارت منہدم، 21 فلسطینی جاں بحق

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ سٹی میں بے گھر فلسطینی خاندانوں کو پناہ دینے والی 5 منزلہ عمارت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق منہدم ہونے والی عمارت جنگ کے ابتدائی دنوں میں اسرائیلی حملے کے باعث جزوی طور پر تباہ ہوگئی تھی، تاہم بدھ کے روز عمارت اچانک مکمل طور پر منہدم ہوگئی۔

غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان زاہر الوحیدی کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 11 بچے بھی شامل ہیں۔

ریسکیو ٹیموں اور شہری دفاع کے اہلکاروں نے ملبے سے لاشیں نکالیں، جبکہ ملبے تلے دبے زندہ افراد اور لاپتا افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔

رپورٹس کے مطابق عمارت کے اچانک منہدم ہونے کی فوری طور پر کوئی واضح وجہ سامنے نہیں آسکی۔ جنگ کے دوران غزہ میں بڑی تعداد میں عمارتیں تباہ یا متاثر ہوچکی ہیں، جس کے باعث کمزور عمارتوں کے منہدم ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

دوسری جانب جنگ بندی کو تقریباً ایک سال گزرنے کے باوجود غزہ میں بڑے پیمانے پر تعمیر نو کا عمل شروع نہیں ہوسکا۔ اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حماس کے غیر مسلح ہونے تک تعمیر نو کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...