سرکاری وسائل بارے عدالتی احکامات پر چیف سیکرٹری کے پی کا متعلقہ افسروں کو ہدایات جاری کرنے کا حکم
پشاور: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرنے کا حکم دے دیا، عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے لیے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے آفس میمورنڈم جاری کردیا گیا۔
آفس میمورنڈم کے مطابق 14 ستمبر 2026 کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں ہدایات جاری کی گئی ہیں، کوئی سرکاری افسر اسلام آباد کی جانب مارچ، ریلی یا جلوس میں معاونت یا سہولت فراہم نہیں کرے گا۔
کسی افسر کو مارچ یا ریلی میں شرکت کے لیے کہا جائے تو چیف سیکرٹری یا انسپکٹر جنرل پولیس کو فوری آگاہ کیا جائے، ایسے مارچ یا ریلی میں کسی شخص کو شرکت کی اجازت نہ دی جائے جس سے اسلام آباد میں آزادانہ نقل و حرکت متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔
تجارتی سرگرمیوں، کاروبار، تعلیمی اداروں اور طبی سہولیات تک رسائی میں رکاوٹ بننے والے مارچ یا ریلی کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے، اسلام آباد میں املاک کے پرامن اور قانونی استعمال میں رکاوٹ کا باعث بننے والی کسی مارچ یا ریلی کی بھی اجازت نہ دی جائے۔
آفس میمورنڈم کے مطابق سرکاری وسائل، عوامی فنڈز یا سرکاری افسران کو اسلام آباد کی جانب کسی مارچ، جلوس یا ریلی میں استعمال کرنے سے روک دیا گیا ہے، کسی بھی بہانے سے سرکاری وسائل یا عوامی فنڈز مارچ، جلوس یا ریلی کے لیے استعمال نہیں کیے جاسکیں گے۔
سرکاری گاڑی، مشینری یا دیگر سرکاری آلات کو اسلام آباد جانے والے کسی مارچ یا ریلی کی معاونت کے لیے استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، کسی سرکاری ملازم کو اسلام آباد کی جانب مارچ، جلوس یا ریلی میں شرکت پر مجبور، آمادہ یا پابند نہیں کیا جائے گا۔
مارچ یا ریلی کے حوالے سے کسی رکاوٹ یا واقعے کی اطلاع کے لیے ہیلپ لائن نمبر 0919210068 فراہم کردیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے آفس میمورنڈم میں عدالتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے، عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی سرکاری افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments