معاشی محاذ پر مثبت پیش رفت، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 70 فیصد کم ہوگیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اگست کے دوران سالانہ بنیاد پر 70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں ماہانہ بنیاد پر 9.5 فیصد اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2027 کے ابتدائی دو ماہ کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں سالانہ بنیاد پر 36 فیصد کمی ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیاد پر 3 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 9.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 میں کارپوریٹ منافع میں 15 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ کمپنیوں کی نئی رجسٹریشنز بھی سالانہ بنیاد پر 45 فیصد بڑھ گئیں۔

دو ماہ کے دوران ترسیلات زر 17 فیصد اضافے کے ساتھ 7.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اسی طرح سروسز کی برآمدات میں 29 فیصد، آئی ٹی برآمدات میں 17 فیصد جبکہ فری لانسرز کی آمدن میں سالانہ بنیاد پر 42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 316 ملین ڈالر رہی، جس میں سالانہ بنیاد پر 80 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 77 فیصد اضافہ ہوا۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے مجموعی ترسیلات 13.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ پاکستان کے سسٹین ایبل پانڈا بانڈ کو کلائمیٹ بانڈز ایوارڈ سے عالمی پذیرائی حاصل ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق انویسٹ پاک کے ریٹیل سرمایہ کاروں کی تعداد 12 ہزار 800 تک پہنچ چکی ہے۔ مالی سال 2027 کے ابتدائی دو ماہ میں 5 آئی پی اوز مکمل ہوئے، جبکہ مالی سال 2026 کے دوران پاکستان میں 11 آئی پی اوز کیے گئے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر بھی ریکارڈ 21.4 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...