میئر کا ناتھاخان لنک روڈ کا دورہ ، سڑک جلد کھولنے کا اعلان
تکمیل سے شارع فیصل کو گلستان جوہر سے ملانے میں مدد ملے گی،ٹریفک کی روانی بہتر اور مرکزی شاہراہوں پر دباؤ کم ہوگاصرف بالائی گزرگاہوں کی تعمیر پر توجہ نہیں ،مرتضیٰ وہاب، چکور نالہ ایکسپریس وے اور مختلف سڑکوں کے کاموں کا جائزہ
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ زیرِ تعمیر ناتھا خان لنک روڈ جلد شہریوں کے لیے کھول دی جائے گی۔ سڑک کی تکمیل سے شاہراہ فیصل کو گلستان جوہر سے ملانے میں مدد ملے گی، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر اور مرکزی شاہراہوں پر دباؤ کم ہوگا۔میئر کراچی نے ناتھا خان لنک روڈ کا دورہ کرکے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹریفک کے مسائل کم کرنے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مزید رابطہ سڑکوں کی تعمیر ضروری ہے ۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے منصوبوں پر کام کررہی ہے جن سے شہریوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد شہریوں کی روزمرہ آمدورفت آسان بنانا اور بنیادی مسائل حل کرنا ہے ۔ اب صرف بالائی گزرگاہوں کی تعمیر پر توجہ نہیں دی جارہی بلکہ سڑکوں اور رابطہ راستوں کو بہتر بنا کر ٹریفک کی روانی میں بہتری لانے کے اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔میئر کراچی نے زیرِ تعمیر چکور نالہ ایکسپریس وے کا بھی دورہ کیا اور کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ گلستان جوہر، جوہر موڑ، راشد منہاس روڈ اور ایئرپورٹ روڈ کی جانب سفر کرنے والوں کے لیے مفید ثابت ہوگا اور انہیں آمدورفت میں سہولت فراہم کرے گا۔مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سول اسپتال کے اطراف چاند بی بی روڈ کی تعمیرِ نو کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے ۔ سڑک کی تعمیر سے قبل سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل حل کیے گئے ہیں تاکہ منصوبہ پائیدار بنیادوں پر مکمل ہو اور شہریوں کو دوبارہ انہی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ پہلوان گوٹھ میں بھی ترقیاتی کام کیے جارہے ہیں، جس سے مقامی آبادی اور علاقے سے گزرنے والوں کو سفری سہولت ملے گی۔ اسی طرح چنیسر ٹاؤن میں پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 کی اندرونی گلیوں کی تعمیرِ نو جاری ہے ، جبکہ گرو مندر اور میرٹھ کباب ہاؤس کے اطراف کے علاقے کی بہتری کے لیے بھی بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیم کام کررہی ہے ۔میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بنیادی شہری سہولتوں کی بہتری کے منصوبوں کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے ۔ کراچی کی ترقی اور شہریوں کے مسائل کا حل بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترجیحات میں شامل ہے اور پیپلز پارٹی کی قیادت میں عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments