سول اسپتال حیدر آباد کے27ڈاکٹروں کی حفاظتی ضمانت منظور
ہائیکورٹ کادودو ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کاحکم، 15روز کیلئے ریلیفڈینگی مریض کے انتقال پرمقامی عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے تھے
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ نے سول اسپتال میں دورانِ علاج جاں بحق ہونے والے حسنین عامر زرداری کے مبینہ طبی غفلت کے مقدمے میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے نامزد 27 ڈاکٹروں کی 15 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی ہے ۔ معزز عدالت کے جج جسٹس عمر سیال نے سماعت کے دوران حکم دیا کہ تمام 27 ڈاکٹر دو، دو ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع کرائیں۔واضح رہے کہ حسنین عامر زرداری جن کی سول اسپتال میں علاج کے دوران موت واقع ہو گئی تھی اور اس واقعے پر مبینہ طبی غفلت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمے کی سماعت کے دوران ڈاکٹروں کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ نمبر 12 نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام 27 ڈاکٹروں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے ، اور مارکیٹ تھانے کے ایس ایچ او کو حکم دیا تھا کہ وہ مذکورہ ڈاکٹروں کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کریں۔ تاہم اب سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ کی جانب سے حفاظتی ضمانت منظور کیے جانے کے بعد ڈاکٹروں کو اس معاملے میں عارضی قانونی ریلیف حاصل ہو گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments