کے الیکٹرک میں صرف لوٹ مار باقی رہ گئی،ایم کیوایم

کے الیکٹرک میں صرف لوٹ مار باقی رہ گئی،ایم کیوایم

سرِعام کنڈے لگا کر بجلی کی فراہمی کا غیر قانونی دھندہ دھڑلے سے جاری بھاری بلوں کی ادائیگی کا صلہ 18گھنٹے لوڈشیڈنگ سے دیا جارہا ،اراکین اسمبلی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے ملک کی معاشی شہ رگ کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے جاری اعلانیہ اور غیر اعلانیہ طویل ترین لوڈشیڈنگ پر اپنے شدید ترین غم و غصے اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزِ بہادر آباد سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا کہ کروڑوں عوام کے اس شہر کو کے الیکٹرک کے ہوس پرست اور جابرانہ رویے کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ، جبکہ حکمرانوں نے دانستہ مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔کے الیکٹرک اپنے تمام تر طے شدہ معاہدوں لائسنس کی شرائط اور سماجی و قانونی اخلاقیات کی دھجیاں اڑا چکی ہے اور اس کی کارکردگی کے نام پر صرف اور صرف نااہلی اور لوٹ مار باقی رہ گئی ہے ، کراچی کا شریف قانون پسند اور محنت کش طبقہ ماہانہ کی بنیاد پر کمر توڑ اور بھاری بھرکم بلوں کی ادائیگی بروقت کرتا ہے مگر اس وفاداری کا صلہ انہیں 18،18 گھنٹے کے طویل جابرانہ اور ہولناک اندھیروں کی صورت میں دیا جا رہا ہے ۔ اراکین نے انکشاف کیا کہ شہر میں بجلی چوری میں ملوث منظم مافیا کی براہِ راست سرپرستی خود کے الیکٹرک کے اہلکار اور افسران کر رہے ہیں، غیر قانونی گوٹھوں تجاوزات اور کچی آبادیوں کو سرِعام کنڈے لگا کر بجلی کی فراہمی کا غیر قانونی دھندہ دھڑلے سے جاری ہے اور اس چوری کا پورا تاوان اور خسارہ باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے معصوم شہریوں پر اوور بلنگ اور فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر تھوپا جا رہا ہے ، ایم کیو ایم کنڈا کلچر کے خلاف سخت ترین لائحہ عمل اختیار کرے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...