ایل ڈی اے کی پرانی حدودبحال:قصور،ننکانہ،شیخوپورہ میں کام بند

ایل ڈی اے کی پرانی حدودبحال:قصور،ننکانہ،شیخوپورہ میں کام بند

ساڑھے 6 سال بعد وزرا، ارکان اسمبلی کے مطالبے پر ایل ڈی اے کے اختیارات اور حدبندی میں تبدیلی کردی گئی شعبہ میٹرو پولیٹن پلاننگ کو سکیموں کا ریکارڈ ٹی ایم ایز کو بھیجنے کی ہدایت، گورنر نے ترمیمی آرڈیننس جاری کر دیا

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )ساڑھے چھ سال بعد ایل ڈی اے کی پرانی حدود کو بحال کر دیاگیا، لاہور ڈویژن کے وزرا اور اراکین اسمبلی کا مطالبہ مانتے ہوئے ایل ڈی اے کے اختیارات اور حد بندی میں تبدیلی کر دی گئی ،گورنر پنجاب نے ترمیمی آرڈیننس جاری کر دیا، قصور ،ننکانہ اور شیخوپورہ میں ایل ڈی اے کا کام فی الفور بند کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ کو ایل ڈی اے کی حدود سے نکال دیا، ایل ڈی اے ایکٹ 1975میں ترامیم کی گئی ،ایل ڈی اے کے ٹاؤن پلاننگ و کمرشلائزیشن کے تینوں اضلاع میں دفاتر بند کرنے کا حکم دیدیا گیا، ٹاؤن پلاننگ کے تینوں اضلاع میں جاری کردہ 997 غیر قانونی تعمیرات کے نوٹس منسوخ کر دیئے گئے ۔ اسی طرح شعبہ میٹرو پولیٹن پلاننگ کو سکیموں کا ریکارڈ ٹی ایم ایز کو بھیجنے کی ہدایت کر دی گئی ۔ایل ڈی اے ماسٹر پلان 2050 میں قصور، ننکانہ اور شیخوپورہ کو شامل رکھا جائیگا۔ ایل ڈی اے کے بننے والے ماسٹر پلان میں تینوں اضلاع کی پلاننگ کی جائیگی، وی سی ایل ڈی اے ایس ایم عمران کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر لاہور ڈویژن کا ماسٹر پلان تیار کر رہے ہیں، تینوں اضلاع کے ایم پی ایز کی خواہش پر قصور، ننکانہ اور شیخوپورہ کو ایل ڈی اے کی حدود سے باہر نکالا گیا، ایل ڈی اے کی حد بندی پر حکومتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں