سبزی منڈی بادامی باغ ہرطرف کیچڑ،گندگی کے ڈھیر،شہری پریشان

سبزی منڈی بادامی باغ ہرطرف کیچڑ،گندگی کے ڈھیر،شہری پریشان

لاہور(سہیل احمد قیصر،تصاویر: ذوالفقار شاہ)بارشیں ختم ہونے کے چند روز بعد بھی لاہور کی سب سے بڑی سبزی و فروٹ منڈی بادامی باغ میں کاروبار مکمل طورپر بحال نہ ہوسکا۔

ہرطرف کیچڑ اور گندگی کے ڈھیر لگے ہیں جس کی وجہ سے دکاندار اور گاہک پریشان ہیں۔منڈی میں کاروبار کی مندی کے باعث پرچون میں سبزیوں اور پھلوں کے دام بڑھ گئے ۔ تفصیل کے مطابق بادامی باغ میں واقع لاہور کی سب سے بڑی سبزی و فروٹ منڈی تقریباً 2سو کنال پر محیط ہے ۔ 1969 میں تعمیر ہونے والی اِس منڈی میں اوسطاً ہرروز پھلوں اور سبزیوں سے لدے ہوئے 2سو کے قریب ٹرک اور ٹرالیاں آتی ہیں۔بعد میں یہیں سے سبزیوں اور پھلوں کی بڑی مقدار پورے شہر میں سپلائی ہوتی ہے۔

جیسے ہی چند بوندیں برس جائیں تویہاں ہرطرف کیچڑ اور گندگی کے ڈھیر دکھائی دینے لگتے ہیں۔اِن دنوں بھی بارشوں کا حالیہ سلسلہ ختم ہونے کے بعد بھی یہاں انتہائی ناگفتہ بہ صورت حال دکھائی دے رہی ہے لیکن انتظامی طور پر اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔یہاں کاروبار کرنے والوں کی طرف سے بتایا گیا کہ منڈی کو مسائل کی آماجگاہ بنے ہوئے دہائیاں گزرگئی ہیں لیکن حکومتوں کی سطح پر سوائے دعوؤں کے کچھ اورنہیں کیا جاتا ۔

اِس حوالے سے سبزی اور فروٹ منڈی بادامی باغ کے انچارج طاہر عباس نے بتایا انتظامیہ کی طرف سے منڈی میں کاروبار زندگی بحال رکھنے کی بھرپورکوششیں جاری رہتی ہیں ،منڈی کی سیوریج لائن بہت پرانی ہوچکی ہے جس کے بوسیدہ ہونے کی وجہ سے بارش کی صورت میں مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا جلد ہی اِس لائن کو تبدیل کیا جارہا ہے جس کے بعد صورت حال بہتر ہوجائے گی۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں