انڈسٹریل اسٹیٹس کی آباد کاری پہلی ترجیح:چودھری شافع

 انڈسٹریل اسٹیٹس کی آباد کاری پہلی ترجیح:چودھری شافع

لاہور(سیاسی رپورٹر سے)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔

 جس میں پنجاب روزگار سکیم،سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی آباد کاری، ترقیاتی امور اور پیسک کے دیگر ایشوز کا جائزہ لیا گیا۔منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن سدرہ یونس نے پیسک کے معاملات بارے بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب روزگار سکیم کے ایمپیکٹ ایسسمنٹ کیلئے فرمزکی پری کوالیفکیشن کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کی آباد کاری حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کی بجائے پہلے سے موجود انڈسٹریل اسٹیٹس کو آباد کیا جائے گا۔ انڈسٹریل اسٹیٹس میں پلاٹوں پر صرف کارخانے ہی لگیں گے۔ مقررہ مدت میں کارخانہ نہ لگا توپلاٹ منسوخ ہوگا، صنعتی مراکز میں رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کسی صورت نہیں ہونے دیں گے ۔ انڈسٹریل اسٹیٹس کے حوالے سے جلد نئی پالیسی لائیں گے ۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ سرجیکل سٹی سیالکوٹ کے قیام کے حوالے سے مقدمہ بازی کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جائیں اور اس منصوبے کے لئے غیر زرعی زمین تلاش کی جائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں