سڑکوں کی مرمت معطل،بڑے منصوبے سست روی کا شکار
لاہور(شیخ زین العابدین)سیاسی کشیدگی کے باعث شہر میں سڑکوں کی مرمت معطل جبکہ بڑے منصوبے سست روی کا شکار ہیں۔ لاہور میں سرکاری سطح پر ہونے والے بیشتر ترقیاتی منصوبے شروع نہ ہوسکے۔
ایل ڈی اے اور ٹیپا کا سڑکوں کے پیچ ورک کا کام تاحال معطل ہے۔ راستوں کی بندش سے لیبر بھی ترقیاتی کاموں تک نہیں پہنچی۔ تعمیراتی اور دیگر سامان کی ترسیل کے لئے ٹرانسپورٹیشن بھی میسر نہیں ہے ۔ ٹھیکیدار بھی ترقیاتی کاموں میں عدم دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں ، احتجاج سے قبل 302 کلومیٹر سڑکوں پر پیچ ورک کیا گیا لیکن سڑکوں پر لین مارکنگ کا عمل روک دیا گیا ۔ واسا کی جانب سے سیوریج اور واٹر سپلائی کے ٹینڈرز جاری کئے گئے لیکن کنٹریکٹرز نے ورک آرڈرز نہیں لئے ۔ سی بی ڈی پنجاب کے ترقیاتی کام بھی سست روی کا شکار ہیں، لیبر موجود نہ ہونے سے والٹن روڈ اپ گریڈیشن ، میجر اسحاق شہید فلائی اوور پر کام بھی کم ہو رہا ہے۔