حویلی رنجیت سنگھ کی بحالی کے منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل
لاہور(سہیل احمد قیصر)حویلی مہاراجہ رنجیت سنگھ کی بحالی کے منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا،مہاراجہ رنجیت سنگھ 13 نومبر 1780 کو اس حویلی میں پیدا ہوئے تھے، رواں سال شروع ہونے والا منصوبہ مئی 2025 میں مکمل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق حویلی مہاراجہ رنجیت سنگھ کو سکھ ورثے میں نمایاں اہمیت حاصل ہے ،جہاں مہاراجہ رنجیت سنگھ 13 نومبر 1780 کو پیدا ہوئے تھے۔ وقت کے ساتھ گوجرانوالہ میں واقع حویلی کی حالت کافی خراب ہوچکی تھی جسے نئے سرے سے بحال کرنے کے لیے رواں سال ایک منصوبہ شروع کیا گیا تھا جس کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے ۔ ڈائریکٹر والڈ سٹی تانیہ قریشی کے مطابق منصوبے کے دوران دستاویز سازی، سطحی کام اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جانا شامل ہے جبکہ منصوبے پر مجموعی طور پر 84.5 ملین روپے خرچ ہوں گے۔ ڈائریکٹر کنزرویشن اینڈ پلاننگ نجم ثاقب کے مطابق منصوبے میں حویلی کو روشن کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے ، جس کے تحت مختلف لائٹس لگائی جائیں گی۔منصوبے کے تکمیل کے بعد اِسے سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اُنہوں نے بتایا کہ نئے سرے سے بحالی کے بعد حویلی سیاحوں اور خصوصا سکھوں کے لیے بہت پرکشش مقام ثابت ہوگی۔