پنجاب یونیورسٹی: 50 سال سے قبضہ کی گئی اراضی واگزار

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی ہدایت پر پنجاب یونیورسٹی کی اراضی پر 50 سال سے زائد عرصے سے ناجائز قابضین سے قبضہ واگزار کرالیا گیا۔
پنجاب یونیورسٹی ہیلتھ سنٹرپرکیمپس پل کے قریب نیوکیمپس میں سرکاری زمین پر37 خاندان 50 سال سے ناجائز طور پر قابض تھے جنہوں نے 12 کنال قیمتی اراضی پر گھر بنا رکھے تھے، جبکہ چند ملازمین نے یونیورسٹی کی زمین فروخت کرکے غیر متعلقہ افراد کو گھروں کا قبضہ دے رکھا تھا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی ناجائز قبضے کا نوٹس لیاتھا جس پر ناجائز قابضین کو نوٹسز جاری کئے گئے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر محمد علی نے ناجائز قبضہ واگزار کرانے سے روکنے کے لئے اہم ترین شخصیات کی سفارش بھی نہ مانی۔ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ریحان صادق کی سربراہی میں انتظامیہ نے رات گئے آپریشن کیا اورسرکاری زمین پر قائم ناجائز گھر گرا دئیے۔