بادامی باغ سبزی منڈی:جدید سیوریج سسٹم بچھانے کا فیصلہ

بادامی باغ سبزی منڈی:جدید سیوریج سسٹم بچھانے کا فیصلہ

لاہور(شیخ زین العابدین)پینتالیس سال بعد بادامی باغ لاری اڈے کی سیوریج کا مسئلہ حل ہوگیا، ضلعی حکومت نے لاری اڈہ کی سیوریج کی ذمہ داری واسا کو تفویض کر دی، واسا ماہانہ سیوریج کے بل ضلعی حکومت سے وصول کریگا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کا مصروف ترین ٹرانسپورٹ حب، بادامی باغ لاری اڈہ، اور ساتھ ہی سبزی و فروٹ منڈی،ہر سال مون سون میں پانی میں ڈوب جاتے تھے، بارش کے بعد کئی کئی دن تک پانی کا نکاس نہیں ہوتا تھا، جس سے شہریوں، ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔45سال سے ان علاقوں میں سیوریج کا مؤثر نظام نہ ہونے کے باعث ہر سال یہی مناظر دہرائے جاتے رہے ، لیکن اب اس دیرینہ مسئلے کا مستقل حل نکل آیا ہے۔ ضلعی حکومت اور واسا کے درمیان لاری اڈہ پر موجود اختلافات ختم ہو چکے ہیں اور کمشنر لاہور کی ہدایت پر واسا نے سیوریج سسٹم کی بہتری کا عملی پلان نافذ کر دیا ہے ۔منصوبے کے تحت واسا نے اٹھارہ کیوسک کا نیا ڈسپوزل سٹیشن تعمیر کر دیا ہے ، جس سے بارشی پانی کے فوری نکاس میں مدد ملے گی۔ لاری اڈہ کے پرانے اور کھلے مین ہولز کی تبدیلی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے ، جبکہ سبزی منڈی میں جدید سیوریج سسٹم بچھانے کی ذمہ داری بھی واسا کو دے دی گئی ہے ۔ واسا کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بادامی باغ کی مین ڈرین کی ڈی سلٹنگ کرے تاکہ نکاسی آب کے عمل میں رکاوٹ نہ آئے ۔واسا نے کام کی تکمیل کیلئے 15 جون کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے ، جبکہ آئندہ سے ادارہ سیوریج نظام سنبھالنے کیلئے ماہانہ بل کی بنیاد پر فنڈز بھی وصول کریگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں