2افراد کو قتل کرنیوالے خاتون سمیت 5 ملزمان گرفتار

لاہور(این این آئی)جائیداد کے تنازع پر 2 افراد کو قتل کرنے والے 5 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے قتل کی واردات کا نوٹس لیا تھا۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ ہڈیارہ محمد سلیم نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کر کے خاتون ملزمہ سمیت 5ملزمان کو گرفتار کر لیا، جنہوں نے جائیداد کے تنازع پر شہری صدیق اور جاوید کو قتل اور شہری برکت، پرویز، عامر اور نوید کو شدید زخمی کر دیا تھا۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان اور مقتولین آپس میں قریبی رشتے دار ہیں اور ان کے درمیان جائیداد کا تنازع چل رہا تھا۔