ایل ڈی اے ‘ جاری منصوبوں کیلئے 2 ارب 24 کروڑ مختص

لاہور (سٹاف رپورٹر سے) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے 2 ارب 24 کروڑ 15 لاکھ 31 ہزار روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی۔
یہ رقم لاہور شہر کے 15 جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے تجویز کی گئی ۔ایل ڈی اے کے ان منصوبوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور دیگر سہولیات کی فراہمی شامل ہے ۔بجٹ میں 2017 سے التوا کا شکار سپورٹس کمپلیکسز کی تکمیل کیلئے بھی فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ چائنہ سکیم سپورٹس کمپلیکس 33 کروڑ 74 لاکھ ،گلبرگ 50 کروڑ 88 لاکھ روپے ، ای ایم ای 25 کروڑ ، کاہنہ 50 کروڑ ، شالیمار 50 کروڑ، این اے 119 سپورٹس کمپلیکس کیلئے 10 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ۔بجٹ تجاویز کے مطابق طویل عرصے سے التوا کا شکار ان منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا ۔ بجٹ میں ایک اہم پہلو یہ بھی سامنے آیا ہے کہ شہر کیلئے اعلان کردہ فلائی اوورز اور انڈر پاسز کو بجٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔اگرچہ سال بھر ان منصوبوں کے اعلانات کئے جاتے رہے مگر فنانشل پلاننگ میں انہیں کوئی گنجائش نہیں دی گئی۔