ہمیں ڈٹ کر ایران کا ساتھ دینا چاہئے : جلیل شرقپوری

شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سابق ممبر صوبائی اسمبلی وسابق ضلع ناظم صاحبزادہ میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہا ہے کہ ہمیں ڈٹ کر ایران کا ساتھ دینا چاہئے، اسرائیل ناجائز ریاست ہے۔۔۔
جس نے پہلے ہندوستان کے ساتھ مل کر پاکستان پر حملہ کیا ،جس میں افواج پاکستان کو اﷲ تعالی نے عزت عطا فرمائی ،ابھی ایران پر بھی انہوں نے وہی شیطانی کی ہے ، اسرائیلی وزیراعظم اور مودی ان دونوں شیطانوں کی موجودگی میں دنیا میں امن قائم نہیں رہ سکتا ، خدانخواستہ ایران کو وہ ناکام کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو پھر سعودی عرب اور پاکستان بھی اپنی خیر منائیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور حکومت وقت کو چاہئے کہ وہ ایران کے مضبوط ترین بازو بن کر اس کو مکمل سپورٹ کریں پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،ان خیالات کااظہارانہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا، صاحبزادہ میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہاکہ اسرائیل نے جس جارحیت کا مظاہرہ کیا ہے اس کے بعد وہ دیگر مسلم ممالک کو ہدف بنانے کی راہ ہموار کررہا ہے ، موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ امت مسلمہ کو متحد ہوکر ایران کیساتھ کھڑے ہونا چاہئے۔