پٹرول اور ڈیزل مہنگے : ٹرانسپورٹ کرایوں میں 10 فیصد تک اضافہ

پٹرول اور ڈیزل مہنگے : ٹرانسپورٹ کرایوں میں 10 فیصد تک اضافہ

لاہور (شیخ زین العابدین) پٹرول مہنگا ہونے کے اثرات اب شہریوں کی جیب پر بھی براہ راست پڑنے لگے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد نہ صرف ٹرانسپورٹ مہنگی ہو گئی بلکہ شہری دہری مہنگائی کے بوجھ تلے آ چکے ہیں۔

تفصیل کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز نے کرایوں میں از خود اضافہ کر دیا ۔ بغیر حکومتی نوٹیفکیشن کے ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں من مانا اضافہ کر کے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرا دیا۔گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کر دیا گیا ۔ کرایوں میں اضافے کے باعث نہ صرف شہریوں کو سفر کے دوران مشکلات کا سامنا ہے بلکہ اشیائے خور ونوش کی قیمتیں بھی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ۔انتظامیہ کی مبینہ بے حسی اور ٹرانسپورٹرز کی من مانی سے عوام پریشانی سے دوچار ہیں۔ کرایوں کے تعین اور کنٹرول میں حکومت مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے ۔ کوئی چیک اینڈ بیلنس ہے اور نہ ہی کوئی پرائس کنٹرول میکانزم فعال ہے ۔ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے سے اشیائے خور ونوش سمیت بنیادی ضرورت کی ہر چیز کی قیمت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ صورتحال کو قابو نہ کیا گیا تو مہنگائی کی نئی لہر پورے ملک کو لپیٹ میں لے سکتی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمتیں بڑھنے کے بعد اب سفر بھی مہنگا ہو گیا جس سے ان کا ماہانہ بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے ،کرایوں میں اضافے پر کوئی ریگولیٹری کنٹرول نہ ہونے سے مسافروں کو منہ مانگے کرائے ادا کرنے پڑ رہے ہیں،سب کچھ مہنگا ہوتا جا رہا اور عوام مسلسل مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں