ایک سال میں 108ٹرین حادثات،کروڑوں کا نقصان

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) خستہ حال ٹریک اور مختلف وجوہات کے باعث ٹرینوں کے پٹڑی سے اترنے سمیت دیگر نوعیت کے حادثات میں ہوشربا اضافہ ہو گیا۔
جون 2024 سے 2025 ایک سال میں مجموعی طور پر 108 سے زائد حادثات ہوئے جن کے باعث کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔ رواں سال یکم جنوری سے لے کراب تک مسافر اور مال بردار ٹرینوں کے پٹڑیوں سے اترنے مختلف نوعیت کے 45 حادثے رونما ہو چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق رواں سال 6 ماہ کے دوران مسافر ٹرینوں کے پٹڑیوں سے اترنے کے 22 حادثات ہو چکے ہیں۔مال بردار ٹرینوں کے 20 اور 3 دیگر حادثے شامل ہیں۔ جعفر ایکسپریس ٹرین کو تخریب کاری کا نشانہ بھی بنایا گیا،ٹرینوں کے حادثات سے کئی افراد زخمی ہوئے ۔ 31 جنوری کو شاہدرہ کے مقام پر شالیمار ایکسپریس کی 3 کوچز پٹڑی سے اتر گئیں، 21 مئی کو شالیمار ایکسپریس کو ساہیاں والا دارالاحسان کے قریب حادثہ پیش آیا۔ 30 مئی کو رحمان بابا ایکسپریس ٹرالے سے ٹکرا گئی۔یکم جون کو پاکستان ایکسپریس کو مبارک پور کے قریب حادثہ پیش آیا ۔ 14 جون کو ٹرینوں کے تین واقعات ہوئے ۔ 18 جون کو جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد کے قریب تخریب کاری کا نشانہ بنایا گیا۔ 20 جون کو خانیوال کے علاقہ میں پٹڑی کے قریب سیڑھی ہونے کے باعث ٹرین میں سوار 17 مسافر زخمی ہوئے ۔