مون سون سے قبل لاہور میں نئی کھدائی پر پابندی

مون سون سے قبل لاہور میں نئی کھدائی پر پابندی

لاہور(سٹاف رپورٹر سے)مون سون کی آمد سے قبل پنجاب حکومت نے لاہور میں نئی کھدائی پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ فیصلہ شہریوں کو بارشوں کے دوران مشکلات سے بچانے اور زیر زمین تنصیبات کو محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

حکومت نے یہ بھی ہدایت جاری کی ہے کہ شہر بھر میں پہلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے کھدائی والے حصے فوری طور پر مکمل کیے جائیں، تاکہ مون سون کے دوران پانی کھڑا نہ ہو اور تعمیراتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔اسی سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے سگیاں کے مقام پر لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبے کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران سیکرٹری ہاؤسنگ نے شاہدرہ ٹیوٹا کالج کے نزدیک گلیوں کی صورتحال اور پنجاب اسمبلی کے قریب زیرِ تعمیر انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید، ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق ، ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔دورے کے دوران سیکرٹری ہاؤسنگ نے تعمیراتی سائٹس پر آگاہی بورڈز، وارننگ سائنز اور حفاظتی اقدامات کی عدم موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں