بغیر ٹکٹ ریلوے مسافروں سے 1لاکھ 30ہزار روپے وصول
لاہور(اے پی پی)ریلوے لاہور کے ڈی سی او گروپ نے بغیر ٹکٹ سفر کرنیوالے مسافروں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائیں۔
ترجمان کے مطابق یہ چیکنگ گزشتہ روز مختلف اہم ریل گاڑیوں پر کی گئی جن میں علامہ اقبال ایکسپریس (9-اپ & 10-ڈاؤن)، تیزگام ایکسپریس (7-اپ & 8-ڈاؤن)، جعفر ایکسپریس (40-ڈاؤن) اور موس پاک ایکسپریس (115-اپ)شامل تھیں۔ان ٹرینوں میں اچانک اور خفیہ چیکنگ کے دوران 89 مسافر بغیر ٹکٹ سفر کرتے ہوئے پائے گئے جن سے ریلوے قوانین کے مطابق کرایہ بمعہ جرمانہ کی مد میں مجموعی طور پر 1لاکھ 3ہزار 30 روپے وصول کئے گئے جو قومی خزانے میں جمع کرا دئیے گئے ۔ پاکستان ریلوے بغیر ٹکٹ سفر کی روک تھام کے لیے اپنی کارروائیاں مزید موثر بنا رہا ہے تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔