کل مسالک علما بورڈ کامحرم بارے ضابطہ اخلاق جاری

کل مسالک علما بورڈ کامحرم بارے ضابطہ اخلاق جاری

لاہور(سیاسی نمائندہ)کل مسالک علما بورڈ کے جید علما کرام اور تمام مکاتب فکر کے علما نے محرم الحرام کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے تمام علما، دینی مدارس، ارباب منبر و محراب اور اساتذہ کرام سے درخواست کی ہے کہ۔۔۔

 وہ محرم الحرام کے دوران امن، بین المسالک ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو یقینی بناتے ہوئے اس ضابطہ اخلاق پر عمل کریں۔ جامع مسجد کبریٰ نیو سمن آباد میں کل مسالک علما بورڈ کے سربراہ مولانا محمد عاصم مخدوم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس کے بعد انہوں نے آغا صغیر عباس ورک، قاسم علی قاسمی،علامہ غلام عباس شیرازی،محمد اسرار مدنی ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا عوام ، علما و مشائخ فرقہ واریت کیخلاف بنیان مرصوص ثابت ہونگے ۔اعلامیہ کے مطابق ہر فرد ریاست کے خلاف لسانی، علاقائی، مذہبی اور فرقہ وارانہ تعصّبات کی بنیاد پر چلنے والی تحریکوں کا حصّہ بننے سے گریز کرے ۔ ریاست ایسے گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ کوئی شخص فرقہ وارانہ نفرت، مسلح فرقہ وارانہ تنازع اور جبراً اپنے نظریات کسی دوسرے پر مسلّط نہ کرے کیونکہ یہ شریعت کی کھلی خلاف ورزی ہے اور فساد فی الارض ہے ۔ کوئی نجی یا سرکاری یا مذہبی تعلیمی ادارہ عسکریت کی تبلیغ نہ کرے ، تربیت نہ دے ۔ اسلام کے تمام مکاتب فکر کا یہ حق ہے کہ وہ اپنے اپنے مسالک اور عقائد کی تبلیغ کریں ۔ کوئی شخص حضرت محمدصلی اللہ علیہ و سلم، جملہ انبیا کرام ،امہات المؤمنین، اہلِ بیت اطہار، خلفا راشدین اور صحابہ کرامؓ کی توہین نہیں کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں