گلبرگ : بیشتر سڑکوں پر خوبصورت اور رنگین ٹف ٹائلز نصب

لاہور (شیخ زین العابدین) ایل ڈی اے کے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل سے لاہور کی شکل تبدیل ہونے لگی،گلبرگ کی بیشتر سڑکوں پر خوبصورت اور رنگین ٹف ٹائل بچھا دی گئی۔
فٹ پاتھ کو پیدل چلنے والوں اور پارکنگ دونوں مقاصد کیلئے منفرد انداز میں ڈیزائن کیا گیا۔سٹریٹ لائٹس، سائن بورڈز، اور بینچز نصب کر دئیے گئے ،موجودہ درختوں کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ مزید شجرکاری کی گئی۔ ایل ڈی اے نے گلبرگ میں متعدد سڑکوں کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی ،کچھ کا کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا۔ ظہور الٰہی روڈ، حالی روڈ، سرسید روڈ، بی تھری بلاک، فیشن ایونیو اور ان سے ملحقہ سڑکوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ تمام یوٹیلٹیز کو انڈر گراؤنڈ منتقل کر دیا گیا ۔ سائیکل ٹریک الگ سے تعمیر کیا گیا۔ گرین بیلٹ کو پیڈیسٹرین زون کے طور پر ڈویلپ کیا گیا،سٹریٹ لائٹس، سائن بورڈز اور بینچز نصب کر دئیے گئے ہیں۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا ہمارا مقصد صرف انفراسٹرکچر کی بہتری نہیں بلکہ لوگوں کے معیارِ زندگی کو بلند کرنا ہے۔ دوسری جانب گلبرگ کے رہائشیوں اور گزرنے والوں نے اس منصوبے کو مثالی قرار دیا۔