ریلویز نے 16 مسافر ٹرینوں سے 30 بوگیاں کم کردیں
لاہور (آن لائن،آئی این پی) پاکستان ریلویز نے ملک میں چلنے والی 16 مسافر ٹرینوں سے 30بوگیاں کم کردیں۔ محکمہ ریلویز کے نوٹیفکیشن کے مطابق ریلوے کو مسافر بوگیوں کی کمی کا سامنا ہے جس کی بنا پر ریلوے نے بولان میل سمیت 16 ٹرینوں سے 30 بوگیاں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ریلوے حکام کے مطابق ان ٹرینوں میں خبیر میل، تیز گام ، ہزارہ ایکسپریس، عوام ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، ملت ایکسپریس، زکریا ایکسپریس اور فرید ایکسپریس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ قراقرم ایکسپریس، سبک رفتار، شاہ حسین ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس، اسلام آباد ایکسپریس اور سکھر ایکسپریس بھی ان ٹرینوں میں شامل ہیں جن کی بوگیاں کم کی گئیں۔ محکمہ ریلویز نے کوئٹہ سے ہفتے میں 2 روز کراچی جانے والی بولان میل کو روزانہ کی بنیاد پر چلانے کے بجائے اس کی بھی 3 بوگیاں کم کرکے 12 سے 9 بوگیاں کردی ہیں۔ حکام کے مطابق ٹرینیں اوسطاً 80فیصد مسافروں کے ساتھ چل رہی ہیں جبکہ بعض ٹرینیں 45 فیصد تک خالی چلانا پڑ رہی ہیں۔ سو فیصد بکنگ والی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کم کی گئی کوچز زیادہ رش والی ٹرینوں میں ایڈجسٹ ہوں گی، مرمت و بحالی کے بعد نئی کھیپ جلد ٹرینوں سے جڑ جائے گی۔