چکن ایک ہی روز 22 روپے کلو مہنگا : سبزیوں کی زائد قیمتیں وصول
لاہور(کامرس رپورٹر سے)چکن کی طلب میں اضافے سے نرخ میں تیزی آگئی۔ ایک ہی روز میں برائلر گوشت 22 روپے کلو مہنگا ہوگیا۔ سبزی مارکیٹ میں موسمی اثرات سامنے آنے لگے، سبزیوں کے نرخ میں بھی بتدریج اضافے کا رحجان ہے۔
آلو،ٹماٹر اور لیموں مہنگے ہو رہے ہیں۔شہر میں پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت22روپے اضافے سے 439روپے ، زندہ برائلر مرغی کی قیمت15روپے اضافے سے 303روپے کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت244روپے درجن کی سطح پر مستحکم رہی۔ دوسری طرف سبزی مارکیٹ میں پیاز کا سرکاری نرخ 45 روپے مقرر کیا گیا جبکہ مارکیٹ میں 60 روپے کلو تک فروخت کئے گئے ۔ ٹماٹر کا سرکاری نرخ 55 روپے روپے کلو مقرر کیا گیا لیکن مارکیٹ میں درجہ اول ٹماٹر 70 روپے کلو فروخت ہو ا۔آلو کا سرکاری نرخ 75 روپے ، مارکیٹ میں 90 روپے کلو فروخت کیا گیا۔ لہسن چائنہ کی سرکاری قیمت 260 جبکہ بازاروں میں 350 روپے کلو تک بیچا گیا۔اسی طرح ادرک چائنہ نرخ 480 روپے اور مارکیٹ میں 600روپے کلو تک رہی۔لیموں کاریٹ 310روپے جبکہ مارکیٹ میں 400روپے کلو تک فروخت کئے گئے ۔ادھر بھنڈی 120 ،کدو 180 ،شملہ مرچ 120 روپے کلو فروخت ہوئی۔شہریوں کا کہنا تھا برائلر نرخ میں اتار چڑھاؤ سے مشکل ہوتی ہے ، ریٹ مستقل ہونا چاہئے کیونکہ مہنگائی پہلے ہی بہت ہے ، ریٹ کا پتہ ہی نہیں چلتا ۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق برائلر گوشت کے ساتھ ساتھ مون سون میں سبزیوں کے نرخ بھی بڑھنے کا امکان موجود ہے۔